بنگلورو:10/اپریل(ایس اونیوز)وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ریاستی پولیس کو آواز دی کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری احتیاط اور دیانتداری سے ادا کرے، تاکہ جرائم سے پاک معاشرہ قائم کرنے میں مدد مل سکے۔ آج ودھان سودھا کے روبرو محکمہئ پولیس میں تحفظ خواتین واطفال کیلئے خصوصی طور پر شامل کی گئی 51گلابی ہوئسلا گاڑیوں کو ہڑی جھنڈی دکھانے اور سرکشا نامی موبائل ایپ متعارف کرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بارہا وہ یہی کہتے آرہے ہیں کہ پولیس فورس اپنے تھانہ کی حدود میں موجود شرپسندوں کی نشاندہی کرے اور ان پر نہ صرف مسلسل نظر رکھے،بلکہ ان کی طرف سے کسی بھی شرارت پر ان کے خلاف بلامروت کارروائی کرے، تاکہ جرائم کی روک تھام کو موثر انجام تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ نئی ہوئسلا گاڑیوں کی فورس میں شمولیت اور انہیں جدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے حکومت کا اقدام نہ صرف پولیس کے معیار کو بلند کرتا ہے، بلکہ پولیس فورس کو کام کرنے میں آسانی بھی فراہم کرتاہے۔خواتین واطفال کوتحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری جن پولیس والوں کو دی جارہی ہے، انہیں خاص طور پر زیورات چھیننے کی وارداتوں، اغوا، رہزنی اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ کے واقعات سے نمٹنے کیلئے خصوصی تربیت سے آراستہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے اگر اس طرح کے واقعات پر قابو پانے کیلئے ٹھوس قدم اٹھائے تو اس سے عوام میں پولیس پر اعتماد بڑھے گا، ساتھ ہی پولیس کے تئیں وقار کا جذبہ بھی پیدا ہوگا۔ تقریب میں ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور، وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ، کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ، چیف سکریٹری سبھاش چندر کنٹیا، وزیر داخلہ کے مشیر کیمپیا، ڈی جی پی آر کے دتہ، پولیس کمشنر پروین سود وغیرہ موجود تھے۔تقریب کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ خواتین کا بہت بڑا طبقہ آئی ٹی بی ٹی کمپنیوں اور گارمینٹس کے کارخانوں میں برسر ملازمت ہے، ان میں سے بیشتر خواتین ہاسٹلوں میں مقیم ہیں، ان ہاسٹلوں کے قریب حفاظت کے انتظامات کو سخت ترین کیا جائے گا اور گلابی ہوئسلا گاڑیاں ان علاقوں میں متعین رہیں گی۔ انہوں نے کہاکہ مشکل سے دوچار خواتین اگر سرکشا ایپ کے ذریعہ پولیس سے رابطہ کریں تو فوری طور پر ان کی مدد کیلئے گلابی ہوئسلا یا قریب ہی موجود پولیس فورس روانہ کی جائے گی۔ ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ اسمبلی حلقوں کے ضمنی چناؤ کے دوران حکمران پارٹی کی طرف سے پیسہ پانی کی طرح بہائے جانے کے متعلق ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا کے الزام پر تبصرہ کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ یڈیورپانے ان دونوں حلقوں میں جو کیا وہ الزام کانگریس پر دھرنا چاہتے ہیں۔